چیتے کا بچہ پلاسٹک کے شاپر میں انڈیا کیسے پہنچا...؟

تھائی لینڈ سے ہوائی جہاز کے ذریعے انڈیا کے شہر چنائی پہنچنے والے مسافر کے سامان سے چیتے کا بچہ برآمد ہونے پر مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ائیرپورٹ حکام نے مسافر کے بیگ سے مشکوک آوازیں آنے پر جب اس کے سامان کی تلاشی لی تو تقریبا ایک کلو وزنی چیتے کا بچہ برآمد ہوا،جسے پلاسٹک کے شاپر میں ڈال کر بیگ میں چھپایا گیا تھا۔

گرفتار شخص اتوار کی صبح بنکاک سے انڈیا کے شہر چنائی پہنچا تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں کہ ملزم کا تعلق کسی بین الاقوامی اسمگلنگ گروہ سے تو نہیں۔

یہ بھی پڑھیے:
ننھے منے جانوروں کے جذبات کی عکاسی

’انسان اپنا درد بیان کرسکتا ہے، لیکن یہ تو بے زبان ہیں‘

انڈیا کے آدم خور شیروں سے کیسے نمٹا جائے؟
ائیرپورٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں ائیرپورٹ حکام کو چیتے کے بچے کو دودھ پلاتے دیکھا گیا ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق 45 سالہ مسافر، جس کا نام ابھی تک سامنے نہیں آ سکا ہے، سے جب چنائی ائیرپورٹ پر اس کے سامان کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے کافی ٹال مٹول سے کام لیا۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق چیتے کا بچہ صدمے کی حالت میں آوازیں نکال رہا تھا جبکہ کافی کمزور بھی دکھائی دے رہا تھا۔

ائیرپورٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں ائیرپورٹ حکام کو چیتے کے بچے کو دودھ پلاتے دیکھا گیا ہے۔

ماضی میں اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے ایک واقعے میں ملنے والی چھوٹی بلی کو چنائی میں ارجنار انا زولوجی پارک منتقل کیا گیا تھا۔