بچی کے منہ میں جلتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا، بچی شدید زخمی ۔۔

کیا کوئی منھ میں رکھ کر پٹاخہ جلانے کی سوچ سکتا ہے؟ وہ بھی ایک معصوم سی بچی کو چاکلیٹ کا جھانسا دے کر؟

عموماً تو بڑے بچوں کو پٹاخوں سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن انڈیا کے ضلع میرٹھ کے سردھنا علاقے کے ایک گاؤں میں ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے۔

یہاں ایک ادھیڑ عمر کے شخص نے ایک بچی کو چاکلیٹ کا جھانسا دے کر اس کے منہ میں سلگتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا۔ پٹاخہ سلگ رہا تھا اور منہ میں رکھنے کے کچھ دیر بعد ہی پھٹ گیا۔

منھ میں پٹاخہ پھٹنے سے بچی کا منھ بری طرح جل گئی۔ اس کی نازُک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے نرسنگ ہوم میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت معاملے درج کیا ہے۔

یہ حادثہکب اور کیسے پیش آیا؟

حادثے میں بری طرح زخمی ہونے والی بچی کی ماں جیوتی کہتی ہیں، ’دیوالی سے ایک دن پہلے دھنتیرس کے موقعے پر بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ اچانک سے بچی کے چیخنے کی آوازیں آنے لگیں۔ میں نے جاکر دیکھا تو آرُشی کا منہ پھٹا ہوا تھا۔ اس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا۔‘

جیوتی بتاتی ہیں کہ پہلے تو انھیں کچھ سمجھ نہیں آیا، لیکن جب انہوں نے وہاں موجود دوسرے بچوں سے پوچھا تو انھوں نے ساری بات بتائی۔

بچوں نے تایا کہ ’گاؤں کے ہرِیا نے ان کی بیٹی کو چاکلیٹ کھلانے کے بہانے اس کے منھ میں سلگتا ہوا پٹاخہ رکھ دیا، جو منھ میں ہی پھٹ گیا۔‘
کچھ ہی دیر میں حادثے کی اطلاع پورے گاؤں میں پھیل گئی اور درجنوں کی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔

لڑکی کے والد شیشپال نے کہا: ’میری بیٹی کچھ بول نہیں پا رہی۔ جب ہم نے اسے دیکھا تو اسکے منہ سے خون نکل رہا تھا۔ ہمیں کچھ بھی سمجھ نہیں آیا۔ ہرِیا نے ایسا کیوں کیا ہمیں نہیں پتہ۔ ہماری اس سے کوئی دشمنی بھی نہیں ہے۔ لیکن اتنا تو طے ہے کہ ہرِیا نے میری بیٹی کو جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔‘

معصوم بچی کے منھ میں چاکلیٹ کے بہانے پٹاخہ رکھنے کی بات کو سردھنا کے تھانہ دار مشکوک قرار دے رہے ہیں۔

ایس او پرشانت کپِل کہتے ہیں، ’بچی کو پٹاخے سے چوٹ لگی ہے، یہ بات تو سچ ہے لیکن چاکلیٹ کے بہانے پٹاخہ اس کے منھ میں کیوں رکھا گیا، اس بات کی تفتیش ہوگی۔ ملزم ہرِیا کے خلاف جان سے مارنے کی کوشش کے تحت رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔‘
لڑکی اس وقت زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل ہے۔ وہ نہ تو کچھ بول پا رہی ہے اور نہ ہی کھا پا رہی ہے۔

پٹاخہ اس کے منھ میں ہی پھٹا، اس بات کی تصدیق ڈاکٹر سنیل تیاگی نے کی ہے۔