یونان کا ’سرخ سونا‘ جس کی سالانہ پیداوار چار ٹن ہے

زعفران ایک نایاب مصالحہ ہے جسے عام طور پر ’سرخ سونا‘ بھی کہا جاتا ہے۔ بے روز گاری کے مسئلے سے دوچار ملک یونان میں اب بہت سارے لوگوں کا روزگار اسی فصل سے منسلک ہے۔

چند سال پہلے یونان نے زعفران کی امریکہ برآمد شروع کی تھی اور اب کی نظریں چین پر ہیں۔
ہر سال موسم خزاں میں زیسس کائرو اپنے دفتر میں سول انجیئر کے طور پر کام کرنے کے بجائے شمالی یونان میں زعفران کے جامنی کھیتوں میں پھول چنتے پائے جاتے ہیں۔
یونان میں بہت سارے نوجوان شہریوں نے نو سال سے جاری معاشی بحران میں دیہی علاقوں کا رخ کیا اور کھیتی باڑی سے منسلک ہو گئے ہیں۔
34 سالہ زیسس کائرو نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’بحران کے دوران اپنے شعبے میں ملازمت حاصل کرنا ایک مشکل کام تھا، خاص طور پر سول انجنیئرنگ کے شعبے میں جب کوئی تعمیرات ہی نہیں ہو رہی تھیں۔‘

سنہ 2012 میں وہ لندن سے یونان دو یونیورسٹی ڈگریوں کے ساتھ واپس لوٹے تھے۔ انھوں نے اپنے گاؤں کروکوس میں انجنیئرنگ کا دفتر کھولا تھا، لیکن ان کی آمد کا بڑا حصہ ان کی چار ایکڑ کی زمین سے آتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ 'میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں کبھی واپس آؤں گا۔ لیکن یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔'
یونانی کروکوس کے نواحی علاقوں میں تقریبا تین صدیوں سے زعفران کی کاشت کر رہے ہیں اور اس شہر کا نام بھی زعفران کے پھول 'کروکس' سے اخذ کیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ سکندر اعظم کو جنگ میں آنے والے زخموں پر بطور مرہم بھی زعفران لگایا گیا تھا۔
یونان کی کوپرآٹیو آف سیفرون کے سربراہ نیکوس پٹسیورس نے روئٹرز کو بتایا کہ ’سنہ 200 تک اس کی پیداوار ملکی ضرورت کے لیے صرف 30 کلو سالانہ تھی۔‘

سنہ 2008 میں معاشی بحران کے بعد تبدیلی آئی۔ اب یونان سالانہ چار ٹن زعفران پیدا کرتا ہے جس کا 70 فیصد بیرون ملک برآمد کیا جاتا ہے۔
زعفران یونان کے صرف اسی خطے میں پیدا ہوتا ہے اور اسے کروکوس کوزنس کا نام دیا جاتا ہے، اور یونان میں ایک گرام زعفران کی قیمت تقریبا چار یورو ہوتی ہے۔
ایک کلو زعفران تقریباً ڈیڑھ لاکھ پھولوں سے حاصل ہوتا ہے جو تقریبا 1500 یورو میں فروخت ہوتا ہے۔ پھولوں کو ہاتھ سے توڑا جاتا ہے اور خواتین ان کا وزن اور پیکنگ کرتی ہیں۔ کام کے دوران خواتین کے میک اپ اور پرفیوم کے استعمال پر پابندی ہوتی ہے تاکہ ان کی ذائقے کو برقرار رکھا جائے۔
ایران دنیا میں زعفران کی سب سے زیادہ پیداوار کرنے والا ملک ہے تاہم یونانی ماہرین کا کہنا ہے کہ یونانی زعفران کی بھی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے سنہ 2019 سے چین کو برآمد کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت بھی کی جا رہی ہے۔
مزید خبروں کہ لیے ہمارے نیوز چینل کو سبسکرائب کریں ۔۔۔