فیس بک پر پھیلی اس افواہ کو حقیقت تو نہیں مان لیا؟

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ فیس بک نے ہماری زندگیوں پر غلبہ پالیا ہے اور اس سے دور رہنا کروڑوں بلکہ اربوں افراد کے لیے لگ بھگ ناممکن ہوچکا ہے۔

آپ کی اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے حوالے سے ترجیحات جو بھی ہوں، اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ فیس بک بی ایف ایف (بیسٹ فرینڈز فار ایور کا مخفف) سے جڑے رہنے میں مدد دیتی ہے۔


تاہم فیس بک کو اس وقت کیمبرج اینالیٹیکا ڈیٹا اسکینڈل کے باعث مشکل دور کا سامنا ہے اور لگتا ہے کہ اس موقع پر ایک لفظ 'BFF' نے صورتحال پر لوگوں میں موجود خدشات کا فائدہ اٹھانا شروع کردیا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے فیس بک پر ایک افواہ بہت تیزی سے دنیا بھر میں اور مختلف زبانوں میں پھیلی ہے۔


اس افواہ کے مطابق ' فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے ایک لفظ BFF یا بی ایف ایف ایجاد کیا ہے، اپنے فیس بک اکاﺅنٹ کے محفوظ ہونے کا یقین کرنا چاہتے ہیں تو کمنٹ میں بی ایف ایف ٹائپ کریں، اگر وہ سبز رنگ میں نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ اکاﺅنٹ محفوظ ہے، اگر وہ سبز نہ ہو تو اپنا پاس ورڈ فوری طور پر بدل لیں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ وہ کسی اور نے ہیک کرلیا ہو، اس پیغام کو ہر ایک کے ساتھ شیئر کریں'