نواز شریف کی سیاست کا آج سے نیا آغاز ہو رہا ہے جس سے مخالفین کو ڈرنا چاہیے: مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے وہی فیصلہ سنایا کہ جس سے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا تھا۔

انہوں نے عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ وہی مذاق ہے جو ملک کے 17 وزرائے اعظم کے ساتھ ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کا ٹرائل ہو رہا جبکہ سپریم کورٹ نے ٹرائل کا فیصلہ آنے سے قبل ہی اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوسکا ہے، 3 مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم کو نااہل کیا جاتا ہے اور ٹرائل اور کیسز بعد میں چلائے جاتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی سیاست کا آج سے نیا آغاز ہو رہا ہے جس سے مخالفین کو ڈرنا چاہیے۔