اربوں روپے کے بدعنوانی اسکینڈل میں نیب کیسز کا سامنا کرنے والے ڈاکٹر عاصم حیسن سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین تعینات

کراچی: حکومت سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور اربوں روپے کے بدعنوانی اسکینڈل میں نیب کیسز کا سامنا کرنے والے ڈاکٹر عاصم حیسن کو سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایس ایچ ای سی) کا چیئرمین تعینات کردیا۔

ڈان کی خبر کے مطابق ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن 26 جنوری 2018 کو سندھ حکومت کے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن نے جاری کیا۔


صوبائی حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ’وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن ایکٹ 2013 کے سیکشن 5 (ون) کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو ایس ایچ ای سی کا چیئرمین تعینات کردیا ہے‘۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین پیٹرولیم کے سابق وفاقی وزیر جبکہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر عاصم حسین کیس—کب کیا ہوا
ڈاکٹر عاصم حسین کو 26 اگست 2015 کو اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اگلے ہی روز 27 اگست کو رینجرز نے انہیں دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا