احترام رمضان بل کی خلاف ورزی پر سزائیں بڑھانے کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے احترام رمضان بل کی خلاف ورزی پر سزائیں بڑھانے کی منظوری دے دی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔

کابینہ نے احترام رمضان ترمیمی بل 2017 کی خلاف ورزی پر سزائیں بڑھانے کے لیے کابینہ کمیٹی کی سفارش کی توثیق کر دی، جس کے تحت روزہ کے دوران تمام سینما اور تھیٹرز بند رکھے جائیں گے۔


کابینہ نے زرعی، تجارتی اور صنعتی قرضوں سے متعلق ترمیمی سفارش کی توثیق موخر کرتے ہوئے معاملے پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی اور دو ہفتے میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

قرضہ جات سے متعلق کمیٹی کی سربراہی وزیر نجکاری دانیال عزیز کریں گے، جبکہ وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔


اجلاس میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) ایکٹ 1974 کے شیڈول میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

ترمیم کے تحت سائبر، ایلکٹرانک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے جرائم کو ضابطہ فوجداری سے نکال کر ایف آئی اے کے دائر کار میں شامل کیا جائے گا۔