کرس گیل کے ٹی20 میں 800 چھکے مکمل

ڈھاکا: جارح مزاج ویسٹ انڈین اور رنگپور رائیڈرز کے بلے باز کرس گیل نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائٹنز کے خلاف ایلیمنیٹر میچ میں شاندار سنچری داغنے کے ساتھ ساتھ ٹی20 میں مجموعی طور پر 800 چھکے لگا کر نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔

کھلنا ٹائٹنز کے خلاف 126 رنز کی اننگز کھیل کر کرس گیل بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی تاریخ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے اور اننگز میں زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بھی بن گئے۔

انہوں نے بی پی ایل میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا صابر رحمان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، صابر نے گزشتہ سیزن نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ گیل نے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

گیل نے بی پی ایل میں ایک اننگز میں انفرادی طور پر زیادہ چھکوں کا اپنا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالا، انہوں نے 2013 میں منعقدہ بی پی ایل میں اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے جبکہ گزشتہ روز انہوں 14 چھکے لگا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا جبکہ اس اننگز کے دوران انہوں نے ٹی20 کرکٹ میں 800 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔