وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بحرین کے وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو پاکستان کی جانب سے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، یہ بات انہوں نے بحرین کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بحرین کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، شاہ محمود قریشی نے بحرینی ہم منصب کو خطے کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں الیکشن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں سرحدوں پر خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو پاکستان کی جانب سے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے جنوبی ایشیا میں امن وامان پر قرارداد کی حمایت کرنے پر بحرین کا شکریہ ادا کیا، پاکستان نے مذکورہ قرارداد کونسل آف فارن منسٹرز اجلاس میں پیش کی تھی۔

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر خارجہ کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا، اس موقع پر پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمت اور دہرے ٹیکس سے بچاؤ، ٹیکس چوری سے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے جوائنٹ منسٹریل کمیشن کا دوسرا اجلاس اکتوبر2019کو مناما میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔