ملائیشین وزیراعظم 23 مارچ کو پاکستان آئیں گے، شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم 23 مارچ کو سرمایہ کاری وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین وزیراعظم کے 23 مارچ کو دورہ پاکستان آنے کی اطلاع دے دی ہے ان کا کہنا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ محاذ آرائی ہماری پالیسی نہیں ہے، جو مقدمات عدالت میں ہیں ان میں سے ایک بھی پی ٹی آئی کا بنایا ہوا نہیں ہے یہ سب مقدمات ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں بنائے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں، نیب نے مختلف لوگوں کو نوٹسز دے رکھے ہیں، جو فیصلہ ان کے حق میں ہو وہ اچھا اور جو حق میں نہ ہو وہ انہیں برا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس کی ہماری نظر میں کوئی حیثیت نہیں ہے، کچھ قوتیں ایسی ہیں جو نہیں چاہتی ہیں خطے میں امن نہ ہو، کچھ قوتیں چاہتی ہیں پاکستان مسائل میں الجھا رہے۔