پی ٹی آئی کا سندھ میں حکومت بنانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا، خرم شیر زمان کہتے ہیں ہم پیپلز پارٹی کی حکومت گرائیں گے جو راستہ اختیار کرنا پڑا کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہوئے تو پاکستان تحریک انصاف کے کھلاڑیوں نے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت گرانے کا مشن سیٹ کرلیا۔

خرم شیر زمان نے اعلان کردیا کہ اب ہم 5 سال انتظار نہیں کرسکتے، اکیلے نہیں سب جماعتوں کو ساتھ ملائیں گے، سندھ میں بھی اپنی حکومت بنائیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا اور ساتھ ساتھ بلاول بھٹو زرداری پر بھی خوب جوابی وار کئے۔ مراد علی شاہ کو کرمنل قرار دیا اور کہا کہ بلاول آپ چوروں کے سربراہ ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی رہنماء سینیٹر نسرین جلیل نے بھی پی ٹی آئی کے مؤقف کی حمایت کردی، کہتی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کچھ ڈلیور نہیں کیا، انہیں حکمرانی کا حق نہیں