وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق جمعرات کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملکی سیکورٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یاد رہے کہ دو دن قبل 220 ویں کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ملک میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت ہتھیار کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے ثمرات اب سامنے آنے لگے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے اطلاق کے لیے حکومت سے تعاون کیا جائے گا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مثبت اقدام کی حمایت کی جائے گی۔