بھارتی انتخابات تک ہمیں الرٹ رہنا ہوگا، وزیراعظم نے خبردار کردیا

وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے دوبارہ شرارت کا خدشہ ظاہر کردیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں پڑوسی ملک میں انتخابات تک ہمیں الرٹ رہنا ہوگا، پلوامہ واقعے سے مودی نے سیاسی فائدہ اٹھایا ہے، اقتصادی بحالی اور ایف اے ٹی ایف کی منفی فہرست سے واپسی چیلنج ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں اخبارات کے مالکان اور ایڈیٹرز نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی اور ادارہ جاتی اصلاحات حکومت کی ترجیحات ہیں، اقتصادی بحالی اور ایف اے ٹی ایف کی منفی فہرست سے واپسی چیلنج ہیں۔

وزیراعظم نے نیب کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھادیا، بولے کہ نیب نے اپنے دائرہ کار کو اپنی استعداد سے زیادہ پھیلا لیا ہے، قومی احتساب بیورو کو چاہئے اپنی توجہ بڑی مچھلیوں کی طرف مبذول رکھے، بعض معاملات کی وجہ سے بیورو کریسی میں خوف پیدا ہوا ہے۔

عمران خان نے خبردار کیا کہ جب تک بھارت میں انتخابات نہیں ہوتے ہمیں الرٹ رہنا ہوگا، نریندر مودی نے پلوامہ واقعے سے سیاسی فائدہ اٹھایا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے ہارورڈ کینیڈی اسکول کے طلبہ کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں ملکی و بین الاقوامی حالات حاضرہ، علاقائی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عمرن خان نے طلبہ کو حکومت کے اقتصادی وژن اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا، ہارورڈ کینیڈی اسکول کے طلبہ کے وفد کو حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے طلبہ کو خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا، طلبہ کے وفد نے عمران خان کے وژن کو سراہا۔