دنیا پر واضح ہوچکا پاکستان امن کا داعی ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ او آئی سی کی قراردادوں میں مسلم امہ نے ہندوستان کو بے نقاب کیا، او آئی سی نے بھارت کی مذمت کی جسکا سہرا ایوان کے سر جاتا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہوا، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے الیکشن ترمیمی بل 2018 پیش کیا جس کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا یہ سہرا ایوان کے سر جاتا ہے کہ او آئی سی نے بھارت کی مذمت کی، او آئی سی کی قراردادوں میں مسلم امہ نے ہندوستان کو بے نقاب کیا، مسلمان تو اسرائیل میں بھی ہیں تو کیا اسرائیل کو او آئی سی کی رکنیت مل سکتی ہے؟ اگر اسرائیل او آئی سی کا رکن نہیں بن سکتا تو بھارت بھی نہیں بن سکتا، او آئی سی قرارداد کے بعد بھارت کے لوگ سشما سوراج سے پوچھ رہے ہیں آپ وہاں لینے کیا گئے تھے۔

اپنے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ارکان کے جذبات بالکل بجا ہیں، یہ ایوان عاشقان رسول کی محفل ہ، ہمیں غلامی رسول پر فخر ہے، مصطفی نہ ہوتے تو یہ کائنات نہ ہوتی، عمران خان مدینے کی زمین پر پاوں رکھتا ہے تو ننگے پاوں ہو جاتا ہے، جو شخص جوتے پہن کر مدینہ کی گلیوں میں داخل نہ ہو اسکے ایمان پر شک نہ کیا جائے، فیصل واوڈا کو وضاحت کا موقع ملنا چاہیئے، مسلمان لوگوں کو دین طرف بلاتے ہیں، کسی کو اسلام سے خارج نہیں کرنا چاہیئے۔