بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیری شہید، جھڑپ میں 5 اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 3 کشمیری شہید ہوگئے جبکہ حریت پسندوں کے جوابی حملوں میں 5 بھارتی اہلکار مارے گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ہندواڑہ کے علاقے بابا گنڈ میں غاصب بھارتی فوج نے 60 گھنٹوں سے شہری آبادی کا محاصرہ کر رکھا ہے اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران گولیاں مار کر 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ کئی مکانات تباہ کردیئے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق محاصرے کے دوران حملوں میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

دریں اثنا مقبوضہ وادی میں جماعت اسلامی پر پابندی کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کے 6 اضلاع میں چھاپوں کے دوران جماعت اسلامی کے 3 معروف رہنماؤں کو گرفتار اور ایک درجن کے قریب عمارتوں کو سیل کیا جاچکا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ محبوبہ اور حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق سمیت کشمیری قیادت نے جماعت اسلامی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔