وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد کل سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کی صدارت کریں گے

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کا اجلاس کل ہوگا، وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق انتہائی اہم معلومات اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون کے لیے اہم ترین پلرز قائم کر لیے گئے۔

سپریم کونسل دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور معاشی ترقی کے اہداف طے کرے گی، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے لیے 3 پلرز قائم کیے گیے ہیں۔

پاک سعودی رابطوں کے بعد تینوں پلرز کی اسٹیرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں، پہلا پلر پولیٹیکل اور سیکورٹی کا ہے، سعودی عرب کی جانب سے خارجہ، دفاع ، داخلہ کی وزارتیں سیکورٹی پلر میں شامل ہیں، سعودی ہوم لینڈ سیکورٹی اور جنرل انٹیلی جنس کے حکام بھی اس میں شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے خارجہ، دفاع اور داخلہ کے وزرا نمائندگی کریں گے، آئی ایس آئی بھی سیکورٹی پلر میں شامل ہے۔