
عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا: چینی سفیر یاؤ ژنگ
6 Years agoاسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے چینی سفیر یاؤ ژنگ نے ملاقات کی، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور خریداری پر توجہ دی جائے گی۔چینی سفیر یاؤ ژنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور شراکت دار ہیں، چین کی حکومت پاک چین تعلقات میں مزید فروغ اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔
ملاقات میں سفیر نے وزیرِ اعظم کو چینی قیادت کا خصوصی پیغام پہنچایا، چین نے پاکستان کی موجودہ حکومت اور پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، چینی سفیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے ساتھ کام یاب ملاقات ہوئی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی حکومت اور بزنس کمیونٹی وزیرِ اعظم کے اقدامات سے مطمئن ہیں، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے حکومتی ترجیحات اطمینان بخش ہیں، حکومت پاکستان کے اقدامات غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کر رہے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، حالیہ اقدامات سے پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھیں گی۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین مضبوط اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر کردار ادا کرے گا، پاکستانی قیادت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا، پاکستان میں ترقی اور خوش حالی کا نیا باب شروع ہو رہا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے چین کے صدر کی سماجی اقتصادی ترقی کے وژن کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی دوستی اور شراکت داری کا مضبوط رشتہ ہے، پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لا سکے گا۔