
کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت
6 Years agoمظفر آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔
خیال رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔