ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیر اعظم

دوحا: وزیر اعظم عمران خان نے قطر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کی، انکا کہنا تھا کہ ساہیوال کے ذمہ داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں اقدام اٹھایا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نظام کی اصلاح کریں گے تاکہ دوبارہ ایسا سانحہ پیش نہ آئے، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قطر کے پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان تمام برادر مسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کا خواہاں ہے۔

بعدازاں وزیر اعظم عمران خان دوحا ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچ گئے۔ ہوٹل میں کچھ دیر قیام کے بعد عمران خان قطر کے وزیر اعظم کے محل جائیں گے جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

فور سیزن ہوٹل میں عمران خان اور پاکستانی وفد کیلئے دو فلور مختص کیے گئے ہیں جبکہ قطری سپیشل فورسز اور خفیہ اہلکاروں کی بھاری نفری سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔

قطری وزیر اعظم اور عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ مذاکرات میں قطر کی جانب سے پاکستان کو فروخت کی جانے والی ایل این جی کی 15 برس کیلئے مقرر کردہ قیمت میں کمی پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔