اجمل قصاب کے متعلق بھارتی دعوے ڈھونگ نکلے

ممبئی:ممبئی حملوں کے کردار اجمل قصاب کا بھارتی ڈومیسائل سامنے آ گیا، ہر واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے والے بھارتی میڈیا نے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی۔

ممبی حملوں کا مرکزی کردار اجمل قصاب بھارت کی ریاست اتر پردیش (یو پی) کا رہائشی نکلا۔ بھارتی ڈومیسائل کے مطابق اجمل قصاب یو پی کے ضلع اورایا کی تحصیل بدھونا سے تعلق رکھتا تھا، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ وہیں سے21اکتوبر کو جاری ہوا جس میں اجمل قصاب کے والد کا نام محمد عامر جبکہ ماں کا نام ممتاز بیگم لکھا گیا۔

ڈومیسائل منظرِ عام پر آنے کے بعد بھارتی حکام سٹپٹا گئے، فوری طور پر اجمل قصاب کا ڈومیسائل منسوخ کر کے دستاویزات جعلی قرار دے دیے، ڈومیسائل سے پہلے 20 کے قریب مختلف ضروری دستاویزات بھی بنے، معاملے پر بھارتی میڈیا نے بھی چپ سادھ لی۔

بھارت نے اجمل قصاب نامی کردار کو 6 سال پہلے پھانسی دے کر دفن تو کر دیا لیکن اس کے بھارتی ہونے کے ثبوت دفن کرنا بھول گیا۔ ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کو کئی سوالوں کے جواب دینے ہیں لیکن بھارت مسلسل اس لیے کترا رہا ہے کہ اس کے پاس ان سوالوں کے جواب ہی نہیں ہیں۔