پاکستان ،ترکی کا دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطح کے فوجی مذاکراتی گروپ کا تین روزہ چودھواں اجلاس راولپنڈی میں ختم ہوا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرام الحق نے کی جبکہ ترکی کے وفد کی قیادت ترکی کی فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل METIN GURAK نے کی۔فریقین نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔وفود کی سطح پر بات چیت سے قبل ترکی کی فوج کے نائب سربراہ نے سیکرٹری دفاع سے علیحدہ ملاقات کی۔دوطرفہ دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔فریقین نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور افغانستان اور مشرق وسطیٰ کے خصوصی حوالے سے موجودہ علاقائی صورتحال سمیت دلچسپی کے مختلف شعبوں پر بات چیت کی۔لیفٹیننٹ جنرل METIN GURAK نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور جنرل سٹاف کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی جس میں تربیت، وفود کے تبادلے اور دفاعی سامان کی مشترکہ تیاری پر غور کیا گیا