
شہر قائد کراچی میں گیس کا شدید بحران
6 Years agoملک بھر سمیت شہر قائد میں بھی گیس بحران میں شدت آگئی ہے جس کی وجہ سے سائٹ ایریا کے صنعت کاروں نے فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ نے کہا ہے کہ اتوار کوسائٹ ایریا میں صنعتیں بند کر دیں گے۔سلیم پاریک کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی میں بدانتظامی کی وجہ سے بھاری نقصان ہو رہا ہے۔انھوں نے منگل کو گورنر ہائوس کے باہر احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔سرد موسم میں کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، خواتین گھروں میں لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، مگر گیس کے دور دور تک کوئی آثار نہیں۔کورنگی کے علاقے میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے لیکن ضرورت ایجاد کی ماں ہوتی ہے غریب مکینوں نے قدیم طرز کا طریقہ اپنا لیا، کسی نے انگیٹھی تیار کی، کسی نے جہلم سے تندور منگوایا تو کسی نے لکڑیاں جلائیں۔ادھر سائیٹ انڈسٹریل ایریا اور دیگر صنعتی زونز میں گذشتہ دو ہفتوں سے گیس کی آنکھ مچولی کے سبب متعدد صنعتیں بند ہوچکی ہیں جس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو نے لگے ۔ صنعتکاروں نے کہا کہ فیکٹریاں بند ہونے سے نہ صرف مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں بلکہ ایکسپورٹ آرڈر کی بر وقت تکمیل بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔سائیٹ ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائے بصورت دیگر تمام کارخانے بند کر کے گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔