نیب کو بند کر کے نیا ادارہ بنانا چاہیے: بلاول بھٹو

نیب کو بند کر کے نیا ادارہ بنانا چاہیے: بلاول بھٹو,

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زراری نے کہا ہے کہ ملک میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت کو انتخابی دھاندلی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ نیب کو بند کر کے نیا ادارہ بنانا چاہیے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ برے حالات میں بھی الیکشن کا انعقاد جمہوریت کی کامیابی ہے۔ پاکستان میں مسلسل 3 بار الیکشن ہونا جمہوری کامیابی ہے، چاہے وہ الیکشن جیسے بھی ہوئے ہوں۔ مسلسل 3 الیکشن کے بعد آمریت کی طرف جانا ممکن نہیں رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے گزشتہ الیکشنز میں سب سے بڑی دھاندلی کی گئی۔ ان کے تینوں حلقوں کے انتخابی نتائج آنے میں تین دن کیوں لگے۔ حکومت کو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے نہیں بھاگنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج تک مجھے فارم 45 نہیں ملے۔ الیکشن کے دوران بے نامی اکاؤنٹس پر ازخود نوٹس لیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وہ حکومت کے خلاف وائٹ پیپرز تیار کر رہے ہیں جو پاکستان جاکر عوام کے سامنے رکھیں گے۔