جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد : جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ ملک کے 26 ویں چیف جسٹس ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی بطورچیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، چاروں صوبوں کے گورنرز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے موجودہ، سابق ججز ، مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پرفائزغیرملکی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔