نقل کی روک تھام کیلئے آن لائن مانیٹرنگ ایپلی کیشن متعارف

خیبرپختونخوا کے اسکولوں میں نقل کی روک تھام کیلئے آن لائن مانیٹرنگ ایپلی کیشن متعارف کرادی گئی۔ امتحانات میں نقل کلچرکے خاتمے کیلئے پہلی بار آن لائن مانیٹرنگ ایپلی کیشن (ای ایم آر ٹی) کے نام سے لانچ کردی گئی، جس کے ذریعے بیک وقت تمام امتحانی مراکز کی آن لائن نگرانی کی جاسکے گی۔ اس ایپلی کیشن کے 3 بنیادی کام ہیں جن میں امتحان کے سپرنٹنڈنٹ کیلئے بینک سے پرچہ جات کی وصولی اور امتحانی ہال تک پہنچنے کیلئے معلوماتی (ایس ایم ایس) انسپکٹرز کیلئے جبکہ بورڈ کے زیرانتظام تمام امتحانی مراکز کی نگرانی کیلئے ویب ڈیش بورڈ شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ پشاور بورڈ اپنے زیرانتظام تمام امتحانی ہالوں میں یہ ایپلی کیشن استعمال کرنے جارہا ہے، اس سافٹ وئیر کے بار ے میں امتحانی عملے کو تربیت دی جائے گی، جس کے بعدامتحان لینے والے اساتذہ اپنے اینڈرائیڈ موبائل فونز میں یہ ایپلی کیشن انسٹال کرسکیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ نقل پکڑنے کی صورت میں انسپکٹرز طالب علم کے رول نمبرز، ہال کے بارے میں معلومات اور سب کچھ اسی وقت ڈیش بورڈ پر بھیج دے گا، جس پر انتظامیہ کی جانب سے فوری کارروائی ہوگی۔ مشیر تعلیم نے بتایاکہ اس ماڈرن نظام کے ذریعے جزا اور سزا کا عمل یقینی ہوجائے گا، جرم کے مرتکب ہر انسپکٹر، امتحانی عملہ اور دیگر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ سابقہ نظام کو آن لائن طریقے کے استعمال سے بالکل تبدیل کردیا گیا ہے، اب ایپلی کیشن کی مدد سے پتہ چلے گا کہ انسپکٹر نے امتحانی ہال میں کتنا وقت گزار اور کیا کچھ رپورٹ کیا اور اسی کی بنیاد پر اس کی کارکردگی رپورٹ جمع ہوگی۔ ضیاء اللہ بنگش نے طلباء، والدین، اساتذہ اور امتحانی انسپکٹرز سے درخواست کی کہ صاف شفاف امتحانات کے انعقاد میں حکومت اور محکمہ تعلیم کیساتھ تعاون کریں۔ چیئرمین پشاور بورڈ نے کہاکہ ان کے ادارے کی طرف سے تمام انتظامات مکمل ہیں اور پشاور بورڈ کے زیرانتظام 656 سینٹروں کے تمام پرچوں میں یہ ایپلی کیشن استعمال ہوگی جبکہ میٹرک کے امتحان میں پشاور بورڈ سے ٹوٹل 1لاکھ 56 ہزار طلباء امتحان دیں گے، اس امتحان میں تمام ہالوں کی مانیٹرنگ ہوگی۔