وزیر اعظم کی رہائشگاہ کے باہر ایڈین ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین کا احتجاج

وزیر اعظم عمران خان کی لاہور آمد پر ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے زمان پارک میں کپتان کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کیا ،قبضہ گروپ کے ظلم کی ستائی خاتون بھی بچوں کو لے کر ایوان وزیراعلیٰ پہنچی ۔

کپتان کی آمد پر لاہور میں احتجاج بھی زوروں پر رہا ،سنڈے پروٹیسٹ ڈے نظر آیا ۔ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین زمان پارک پہنچے اور مطالبات کے لیے وزیراعظم کی رہائش گاہ کے سامنے صدائے احتجاج بلند کیا ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان آخری امید ہیں ،دس سال پہلے دیئے گئے پیسے مارکیٹ ویلیو کے تحت دلوائے جائیں،مظاہرین نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کی نیب کے ساتھ پلی بارگین کو بھی مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک ڈاکٹر امجد کو دوبارہ گرفتار کیا جائے ۔ مظاہرے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا،جس پر گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑنا پڑا۔

اس موقع پر پولیس سے مذاکرات بار آور ثابت ہوئے اور مظاہرین نے کئی گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا جس پر کینال روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں وزیر اعظم کی موجودگی کے دوران قبضہ گروپ کے ظلم کی ستائی قصور کی بیوہ خاتون حسینہ بی بی بھی اپنے بچوں کے ہمراہ سراپا احتجاج نظر آئی ۔

خاتون کا کہناتھا کہ قبضہ گروپ سے میری زمین واگزار کرا کے انصاف دلائیں ۔