سعودی ولی عہد کی آمد پر اسلام آباد کا ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد (فیصل ساہی) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آمد، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ شہریوں کو دو روز کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے سلسلے میں تیاریاں زوروں پر ہیں۔ سعودی شہزادے کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس کے لیے تمام حکومتی ادارے متحرک نظر آ رہے ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک پولیس کہتےہیں کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس، ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے فوج کی معاونت کرے گی

ایس ایس پی ٹریفک پولیس فرخ رشید کا کہنا ہے کہ موومنٹ کے دوران ہیوی ٹریفک کو، سترہ میل، آئی جے پرنسپل روڈ اور روات ٹی چوک پر روکا جائے گا۔ ایس ایس پی ٹریفک پولیس نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو استعمال کر سکیں گے۔ ائیر پورٹ جانے والے مسافر کشمیر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو استعمال کر سکیں گے۔

دوسرے صوبوں سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو پشاور روڈ، صدر کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ ہیوی ٹریفک کو کشمیر ہائی وے، ایکسپریس وے استعمال کرنے کی اجازت نہ ہو گی۔