کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا

کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا جس کے باعث اکیسویں صدی میں ملک کے سب سے بڑے شہر کے مکین لکڑیاں جلانے پرمجبور ہو گئے ۔

شہر قائد میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے حال میں ماضی کی یادیں تازہ کر دیں ، جبکہ مستقبل بھی مشکل سے دو چار نظر آتا ہے ۔ میٹرو پولیٹن کراچی میں گیس نایاب ہے اور کورنگی میں گھریلو خواتین لکڑیاں جلانے پر مجبورہیں مگر مشکل کہ وہ اس فن سے بھی ناواقف ہیں ۔

بازار سے لکڑیاں لانا، پھر جلانا اور پھر کھانے کی تیاری کا طویل مرحلہ خواتین کے لئے اذیت ناک بنا ہوا ہے، خواتین کا کہنا ہے کہ اکثر بچوں کو بھوکےپیٹ اسکول بھیجنا پڑتا ہے ۔

علاقہ مکین کہتے ہیں گیس بحران پر قابو نہ پایا گیا تو کراچی بھی تھر پارکر بن جائے گا۔

امیر شہر تونے تنگ کر دی ہے زمین ہم پرمگر پھر بھی کہتاہے کوئی قدغن نہیں ہم پر