'زینب کے قتل کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے'

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور مرکزی سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے قصور میں 6 سالہ بچی زینب کے ساتھ ریپ اور قتل کی ذمہ داری براہِ راست صوبائی حکومت پر عائد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رُخ' میں گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ زینب کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ پہلا واقعہ نہیں، لہذا حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ پہلے ہی ملزمان کو گرفتار کرکے سزائیں دیتی، تاکہ آج کسی میں ایسے جرائم کرنے کی جُرت ہی نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا 'آج معاشرہ خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہوچکا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، لہذا ایسا کوئی بھی واقعہ جو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلائے وہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'حکومت یا تو ترجیحی بنیادوں پر زینب کے قاتل کو گرفتار کرکے عوام کے سامنے پیش کرے اور اسے سزا دے اور اگر وہ ایسا نہیں کرسکتی تو اسے حکمرانی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، کیونکہ عوام ووٹ اپنے تحفظ کے لیے دیتے ہیں، اور تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک ہے