شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعد ورلڈ ٹی 20کھیلنے کی بھی خواہش ظاہر کردی

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 نومبر2018ء) شعیب ملک نے کہا ہے کہ کبھی ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا تاہم آئندہ سال ورلڈ کپ کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ آئندہ سال ورلڈ کپ کھیلنے کے بعد ون ڈے کرکٹ چھوڑ دوں گا، بعد ازاں ملک کیلیے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلنا چاہتا ہوں لیکن اس کا انحصار فارم اور فٹنس پر ہوگا،اگر میدان میں مشکل جگہ پرفیلڈنگ کرتے ہوئے بھی توقعات پر پورا اترسکوں، ٹیم کیلیے 100فیصد دینے کے قابل ہوا تو ٹھیک ہے، اندر کا انسان بولا شعیب میاں اب بس کرو تو کرکٹ چھوڑ دوں گا،کبھی ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا۔

آل رانڈر سے سوال کیا گیا کہ ایشیا کپ میں شکستوں کے بعد سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کی باتیں ہوئیں،کپتان کے طور پر آپ کا نام بھی گردش میں رہا۔ جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ کسی میچ میں ہار یا سیریز میں ناکامی پر کپتان اور کھلاڑیوں کو تبدیل کردینے کی باتیں شروع کردینا درست نہیں، یہ نہیں ہوتا کہ ایک سیریز میں کسی کی کارکردگی بہتر ہوئی تو اس کو کپتان سے ہٹادیا جائے، یہ کوئی بات نہیں کہ پرفارمنس کی وجہ سے کسی کا نام نمایاں ہو تو اس کو قیادت بھی سونپ دی جائے۔