ایران سے تعلق رکھنے والے کئی جعلی اکاؤنٹ فیس بک سے ہٹا دیے گئے

فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایران سے تعلق رکھنے والے کئی جعلی پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس کو ویب سائٹ سے ہٹادیا گیا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق جو لوگ ان کی سروسز استعمال کرتے ہیں انہیں یہ یقین ہونا چاہیے کہ ان کا تعلق حقیقی افراد کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی انہیں ان اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس کا علم ہوا انہوں نے فوری طور پر تحقیقات کر کے انہیں فیس بک سے ہٹا دیا۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق اس وقت 20 ہزار ملازمین فیس بک کی سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت میں بہتری کے ذریعے ان جعلی اکاؤنٹس کا پتا چلانا ممکن ہو پایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی کے ماہرین اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ ان جعلی صفحات کو چلانے والے خود کو امریکی باشندے یا پھر بعض اوقات برطانوی ظاہر کرتے ہیں اور سیاسی طرز کی پوسٹیں کرتے ہیں جن میں نسلی تعلقات، صدر کی مخالفت اور تارکین وطن کے مسائل شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان لوگوں نے اپنی پہچان چھپانے کی مکمل کوشش کی لیکن ان کا تعلق ایران سے پکڑ لیا گیا ہے جس کے بعد انہیں فیس بک سے ہٹا دیا گیا ہے۔