وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم نومبر 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور ریاست یہ ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے معمولات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کاروبار زندگی کو رواں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے ہدایت کی کہ ٹریفک کے لیے متبادل روٹس کی تشہیر کی جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کم ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ واضح رہےکہ گذشتہ روز آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں جس کی وجہ سے بالخصوص لاہور کی کئی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں سیکورٹی خدشات کے باعث رینجرز کو بھی طلب کیا گیا۔ رینجرز پنجاب کے حساس مقامات کی حفاظت کریں گے۔
پنجاب کے حساس مقامات کی سیکورٹی اب سے رینجرز کے ہاتھ میں ہوگی۔صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ، جبکہ احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ کرنے والوں پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔ محکمہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے تحت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے جو 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت دھرنوں، جلسے جلوسوں اورریلیوں پر پابندی عائد ہوگی۔