سرفراز الیون نے وہ ریکارڈ بناڈالا جو بھارت کے پاس بھی نہیں

ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم نومبر2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہمیشہ بہترین باﺅلرزکی خدمات حاصل رہی ہیں ، گو کہ ماضی قریب میں قومی ٹیم کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا تھا تاہم اب ایک بار پھر قومی ٹیم کے باﺅلرز نے آگے بڑھ کر اچھی کاکردگی دکھانا شروع کردی ہے اور گرین شرٹس نے اپنے بہترین باﺅلنگ یونٹ کی بدولت انٹر نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ بار چھوٹے ٹارگٹس کا دفاع کرنے والی ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔
گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 بنائے۔ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے 6 اوورز میں 50 رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم فلپس 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، وکٹ کے دوسر اینڈ پر موجود منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے58 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی جو بے سود ثابت ہوئی،ان کی اننگز میں 6 دلکش چوکے اور 3 بہترین چھکے شامل تھے۔

کپتان کین ولیمسن 11 اور گرینڈ ہومے 6 رنز پر چلتے بنے جب کہ تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر بھی ٹیم کی نیّا پار نہ لگا سکے، وہ 26 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ٹم ساﺅتھی نے 5 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاداب خان اور عماد وسیم کے حصے میں 1،1وکٹ آئی۔قبل ازیں قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا او ر صرف 10 رنز پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 7 اور صاحبزادہ فرحان1رن بناکر چلتے بنے۔
ابتدائی نقصان کے بعد آصف علی اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو سہارا دیا، تجربہ کار محمد حفیظ 45 رنز بنا کرکیچ آﺅٹ ہوئے جبکہ آصف علی 24 رنز پر ہمت ہار گئے۔کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے، انکی اننگز میں 3 چوکے اور 1چھکا شامل تھا جب کہ شعیب ملک 8 رنز پر رن آﺅٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ملنے نے 2، پٹیل، سوڈھی، گرینڈہومے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یہ 14واں موقع تھا جب پاکستان نے 150سے کم رنز بنانے کے باجود اپنے سکور کا کامیابی سے دفاع کیا ،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 149یا اس سے کم رنز بناکر دوسری زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے والی ٹیم جنوبی افریقہ ہے جس نے12مرتبہ ایسے چھوٹے سکورز کا دفاع کیا ہے ،نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کی ٹیمیں بھی 7،7مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہیں ،اب مجموعی طور پر ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل کرکٹ میں صرف برموداا ور کینیڈا ہی ایسی ٹیمیں ہیں جو اب تک 150سے کم رنز کے مجموعے کا کامیابی سے دفاع نہیں کرسکی ہیں ،ٹاپ ٹیموں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد بنگلہ دیش اور زمبابوے نے سب سے کم مرتبہ 3،3مرتبہ حریف ٹیموں کو اتنے چھوٹے اہداف عبور نہیں کرنے دیئے ہیں ۔