حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کی زندگی کی کہانی جو ہر پاکستانی کا دل چھو لے


حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کی زندگی کی کہانی جو ہر پاکستانی کا دل چھو لے
روالپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) دیگر کئی افسروں کے ساتھ ساتھ میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی حال ہی میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پرترقی پائی ہے۔ ان کی ترقی کے متعلق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تب سے جنرل ساحر شمشاد میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور اس کی وجہ ان کی زندگی کی کہانی ہے کہ جو ہر پاکستانی کا دل چھو لے۔
ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کے ماں باپ اس وقت ایک افسوسناک حادثے میں جہان فانی سے چلے گئے جب جنرل ساحر ابھی نوعمر تھے۔ ایسے میں ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی اور بھی موجود نہیں تھا۔ انہیں ہمیشہ سے ہی پاک فوج میں بھرتی ہونے کا شوق تھا اور اس کے لیے انہوں نے سخت محنت کی اور بالآخر فوج میں بھرتی ہو گئے۔
فوج میں بھرتی ہونے کے بعد جب انہیں 8سندھ یونٹ میں بھیجا گیا اور وہاں انہیں ایک فارم بھرنے کے لیے دیا گیا جس میں ایک خانے میں اپنے کسی قریبی رشتہ دار کا نام درج کرنا تھا تو انہوں نے اس خانے میں ’8سندھ‘ لکھ دیا جو ان کی یونٹ ہی کا نام تھا اور اس کی وجہ یہی تھی کہ دنیا میں ان کا کوئی رشتہ دار نہ تھا۔

ایک بار ان سے ان کے خاندان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ”اس دنیا میں میرا کوئی خاندان نہیں ہے سوائے میری یونٹ اور ساتھی فوجیوں کے۔“لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کی کہانی دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے جو سبق دیتی ہے کہ زندگی میں کوئی مشکل اور کسی طرح کے بھی حالات آپ کی کامیابی کی رکاوٹ نہیں بن سکتے اگر آپ کی اپنے مقصد سے لگن سچی ہو۔“