20 ہزار میں ہونے والی پاکستانی شہری کی شادی دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی

لاہور(ویب ڈیسک) :پاکستانی شہری رضوان نے 20 ہزار روپے میں اپنی شادی کا اہتمام کر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔انکی پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب پذیرائی بخشی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دسمبر کو مخصوص موسم کے باعث ویڈنگ سیزن بھی کہا جاتا ہے۔اکثر نوجوان لڑکے لڑکیاں انہی ایام میں رشتہ ازدواج میں بندھتی ہیں ۔
شادی بیاہوں کے موقعوں پر کئیے جانے والے اخراجات میں لوگ ایک دوسرے پر بازی لے جانے کے لیے تیار رہتے ہیں جس سے معاشرے میں بے چینی بھی پھیل رہی ہے۔تاہم ایسے میں ایک پاکستانی شہری ایسا بھی ہے جس نے سستی ترین شادی کرکے سب کی بالخصوص سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔رضوان جو پیشے کے اعتبار سے ایک فوٹو گرافر ہیں انہوں نے اپنی شادی کے انتظامات پر محض 20 ہزار روپے خرچ کئیے۔
انہوں نے اپنے اس کارنامے پر ٹوئیٹس بھی کیں۔
انکا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ولیمے پر محض 20 ہزار روپے خرچ کئیے ، میرے مہمانوں کی تعداد 25 تھی جس میں میرے دوست اور والدین شامل تھے۔اس کا وینیو میرا ٹیرس تھا جب کہ بار بی کیو کھانے کا حصہ تھا۔
انکا کہنا تھا کہ باورچی کا انتظام میرے دوست نے کیا جب کہ میں مرچ مسالے اور چکن لے کر آیا۔
میری اہلیہ نے کھٹے آلو بنائے اور میرے والد نے لائٹنگ کا انتظام کیا۔
میں نے پڑوسی سے 25 کرسیاں ادھار لیں جبکہ میٹھے کے لیے میرا دوست آئس کریم لایا۔
میں نے اور میری اہلیہ نے پلین بلیو کپڑے پہنے جس کی قیمت میری والدہ اور بہن نے ادا کی۔ہم نے رات گئے تک ہلہ گلہ کیا باتیں کیں اور جشن منایا۔
انکا کہنا تھا کہ آخر میں بس یہی کہوں گا کہ جو مرضی کرو جو افورڈ کر سکتے ہو کرو مگر خوش رہو۔ ان کے ان ٹوئیٹس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں سوشل میڈیا صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا بالخصوص بھارتی صارفین نے انکی ٹوئیٹس کو خوب پذیرائی بخشی اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے ٹوئیٹس کو مخلتف ہیش ٹیگز کے ساتھ شئیر کیا گیا۔