نئی حکومت کا کارنامہ۔۔۔ریلوے نے کمائی کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیے۔

اسلام آباد(ویب ڈیسک) : پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے محکمہ ریلوے کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹرینوں میں سفر کرنے والے لوگوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ریلوے کے مسافروں میں روزانہ کی بنیاد پر30 سے 35 ہزار تک کا اضافہ ہو گیا جبکہ مسافر بوگیوں کی کمی کے باعث ریلوے کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔
ریلوے کو رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران بجٹ ٹارگٹ سے 1 ارب50 کروڑ روپے زائد آمدن ہوئی جو خوش آئند ہے۔ موسم سرما کی چھٹیوں کے باعث بیشتر شہریوں نے ایک ماہ قبل ہی ایڈوانس بُکنگ کروا لی تھی جس کے بعد مسافر ٹرینوں میں رش بڑھ گیا ریلوے حکام نے مسافروں کے رش کی وجہ سے مین لائن پر چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی بوگیاں لگانا شروع کر دیں جو کم پڑ گئی ہیں۔
ریلوے کے سسٹم پر مین اور برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کی کل تعداد134تک پہنچ گئی ہے اور مذکورہ ٹرینوں میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً70 سے 80 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں جن کی تعداد موجودہ دنوں میں1لاکھ سے 15 ہزار تک روزانہ پہنچ گئی، اسی طرح کراچی سے چلنے والی ٹرینیں قراقرم ایکسپریس،بزنس ایکسپریس،عوام ایکسپریس، گرین لائن ،کراچی ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس،علامہ اقبال ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں میں100فیصد ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور مذکورہ ٹرینوں کے ساتھ دیگر ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں اسی طرح لاہور سے نارووال،سیالکوٹ،شور کوٹ،ریل کار راولپنڈی اور دیگر برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں میں بھی مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے جبکہ ٹرینوں کے ساتھ اضافی بوگیاں لگانے کے باوجود مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ کراچی ڈویژن میں ریلوے حکام کے ناروا سلوک سے مسافروں کو مزید دشواری ہو رہی ہے ، ٹکٹس لینے کے لئے آنے والے مسافر ذلیل خوار ہو کر واپس چلے جاتے ہیں اور من پسند افراد کو نواز دیا جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزرا کی سو روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کی کارکردگی پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کرداد دی۔اجلاس میں شیخ رشید کی کارکردگی کو سب سے بہترین قرار دیا گیا تھا۔