سعودی عرب سے امداد کے بعد پاکستان کو ایک اور عرب ملک سے 6 ارب ڈالر ملنے کا امکان!


اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان اور متحد ہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان امداد پیکیج کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور سعودی عرب کے بعد یو اے ای سے بھی 6 بلین ڈالر پیکیج ملنے کا امکان ہے۔
نجی خبر رساں ادارے ’دی نیوز‘ کے مطابق معاملے سے باخبر سینئر حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای کیساتھ معاشی تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور جنوری 2019ءمیں 6 بلین ڈالر پیکیج ملنے کا امکان ہے جیسا کہ سعودی عرب نے دیا تھا۔ یو اے ای 3 بلین ڈالرز زرمبادلہ کے ذخائر میں جمع کروائے گا اور 3 بلین ڈالر کا تیل دے گا جس کی ادائیگیاں تاخیر سے کی جائیں گی۔
سینئر حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی جلدی نہ ہونے کا حالیہ بیان اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ یو اے ای کی جانب سے امداد ملنے والی ہے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ بیلنس آف پیمنٹ کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے، انہیں معلوم ہے کہ چین اور یو اے ای کیساتھ معاملات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان منظرنامے کے پیچھے ہونے والے مذاکرات اس قدر کامیابی کے قریب پہنچ گئے ہیں کہ دونوں ممالک ہی پاکستانی معیشت کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے بیل آﺅٹ پیکیج دینے پر رضامند ہو چکے ہیں۔

پاکستان کو سعودی پیکیج کے تحت 2 ارب ڈالرز مل چکے ہیں اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مزید 1 ارب ڈالرز کی قسط جنوری میں مل جائے گی جبکہ اس پیکیج کے تحت ادھار تیل ملنے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھانا شروع کر دیا گیا ہے۔ سینئر حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان اس سب کے باوجود 6 سے 7 بلین ڈالر پیکیج کے لئے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ رابطے میں ہیں۔