’نیا پاکستان قائداعظم کا پاکستان ہے‘وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر وزیراعظم عمران خان نے پیغام میں کہا ہے کہ نیا پاکستان قائداعظم کا پاکستان ہے، ہم یقینی بنائیں گے کہ بھارت کے برعکس پاکستان میں ہماری اقلیتوں کو برابری کی سطح پر مقام ملے۔
سماجی رابطہ ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قائداعظم اقلیتوں کو برابر کا شہری بنانا چاہتے تھے،انہوں نے ایسے پاکستان کا تصور کیا جو رحم، جمہوریت اور انصاف پر مبنی ہو۔
انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کا شہری بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنابِ قائد کا تصورِ پاکستان ایک جمہوری، عادل اور شفیق مملکت کا تصور تھا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ قائد اعظم اقلیتوں کو برابر کا شہری بنانا چاہتے تھے۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئیے کہ سیاست کے ابتدائی زمانے میں دنیا ہمارے قائد کو "ہندو مسلم اتحاد" کے سفیر کے طور پر پہچانتی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے مسلمانوں کیلئے الگ مملکت کی جدوجہد کا آغاز اس وقت کیا جب انہیں یقین ہوچلا کہ ہندو اکثریت مسلمانوں سے برابری کا برتاؤ نہیں کرے گی۔