سعودی ولی عہد دراصل کس مقصد کےلیے پاکستان آرہے ہیں ؟؟

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے مقصد کا اعلان کردیا گیا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے کیلئے فروری کے ماہ میں تشریف لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے اعلان کیا ہے کہ جنوری میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور فروری میں سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کرینگے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفائنری کے قیام کیلئے معاہدہ کیا جا رہا ہے۔ روری میں سعودی ولی عہد سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس می وزراء سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکی دورے کم سے کم کریں۔
ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ عمل میں آسانی لائیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان آنے والے سیاحوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی صحافیوں کیلئے ویزہ سہولیات کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے حکومت باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے اور جلد کے اس کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان سعودی عرب میں خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہو گئے تھے۔ اس ملاقات کے دوران ہی سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ یہ بات بھی واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔