حکومت چھوٹے تاجروں کوسپورٹ کریگی، تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں:وزیر اعظم کو جلسوں کی یادستانے لگی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، حکومت چھوٹے تاجروں کوسپورٹ کریگی ،غلطیوں کی وجہ سے پاکستان کایہ حال ہے ، الیکشن جیتنے کے بعد جلسوں کو یاد کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غلطیوں کی وجہ سے پاکستان کا یہ حال ہے ، حکومت تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کام کررہی ہے ، پاکستان کی برآمدات 24ارب ڈالر کے قریب ہیں جبکہ سنگا پور تین سو ارب کی بر آمدات کرتا ہے اور ملائشیا کی بر آمدات 220ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تجارت اور سرمایہ کار ی سے خوشحالی آئیگی ، ماضی میں تجارت اوربر آمد کنندگان سے متعلق ہوچا ہی نہیں گیا ، تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہونگی ، حکومت چھوٹے تاجروں کو سپورٹ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مشکل ماحول رہاہے ، ماضی میں جوغلطیاں ہوئیں ان کودرست کرنا چاہتے ہیں، درمیانی اور چھوٹی صنعتوں کوٹھیک کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک میں کوئی بزنس نہیں کررہا اورمیری کو ئی انڈسٹری نہیں ہے ، الیکشن جیتنے کے بعد جلسوں کو یاد کرتا ہوں ، ہمیں اپنے ذہنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، حضرت ابوبکر صدیقؓ جب خلیفہ بنے تو اپنی کپڑے کی دکان بند کردی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی شعبے میں مشکلات سے چھوٹی صنعتوں کو نقصان پہنچتا ہے ، سمال انڈسٹری ملک معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کامیابی کاراز یہ ہے کہ اپنی ہی غلطیوں سے سیکھا جائے ، ہم کوحکومت میں آتے ہی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا ،ہمیں تجارتی خسارہ ورثے میں ملاہے اورخسارہ کم کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔