سعودی عرب نے وعدہ پورا کردیا، رقم پاکستانی حکومت کو پہنچا دی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے بڑے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط موصول ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی پیکیج کے تحت دوسری قسط بھی پاکستان کو موصول ہو گئی ہے اور ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کر دئیے گئے ہیں جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط کی منتقلی کے باعث سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر آٹھ ارب 26 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
سعودی پیکیج کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط نومبر کے مہینے میں موصول ہوئی تھی جس کے باعث پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے تھے۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ پیکیج پاکستان کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے دیا جا رہا ہے، جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کیا گیا
تھا۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورے کے موقع پر سعودی عرب کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا وعدہ کیا گیا تھا۔دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر سعودی عرب پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل دے گا اور یہ سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا۔