سب سے بڑی خبر آگئی، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورکروں کی کم از کم تنخواہ مقرر کردی گئی

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔ حکومت پاکستان نے وہاں کام کرنے والوں کے لیے 800درہم (تقریباً 30ہزار روپے)کم از کم تنخواہ مقرر کر دی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ ”آئندہ صرف اسی صورت میں پاکستانیوں کے لیبر کنٹریکٹس منظور کیے جائیں گے جب انہیں کم از کم تنخواہ 800درہم دی جائے گی۔ جو کمپنی کسی پاکستانی شہری کی خدمات اس سے کم تنخواہ پر حاصل کرنا چاہے گی اس کا کنٹریکٹ منظور نہیں کیا جائے گا۔“
معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ ”پاکستانیوں کے لیے کم از کم تنخواہ کی تجویز ایک سال سے زائد عرصے سے زیرغور تھی تاکہ پاکستانی ورکرز کے استحصال کا انسداد کیا جا سکے، جو بعض اوقات انتہائی کم تنخواہ پر کام کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔اب پاکستانی حکومت نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے۔ “ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی تنخواہ سے متعلق پالیسیوں کے تحت کوئی بھی ملک اپنے شہریوں کے لیے کم از کم تنخواہ مقرر کر سکتا ہے کیونکہ اماراتی پالیسیوں کے تحت تنخواہ پہلے ہی ملازم اور ملازمت دہندہ کے درمیان مذاکرات میں طے کی جاتی ہے جو کم یا زیادہ ہو سکتی ہے۔