بھارت نے پاکستان کا ایف-16 طیارہ نہیں گرایا، امریکی جریدے نے بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا

نیویارک: امریکی فارن پالیسی میگزین نے پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کے بھارتی دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ نہیں گرایا۔

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی حکومت کو انتخابات سے ایک ہفتہ قبل اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب امریکی فارن پالیسی میگزین نے پاکستانی ایف 16 طیارے کومار گرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا۔ امریکا کے 2 دفاعی اہلکاروں نے فارن پالیسی میگزین کو دئیے گئے انٹرویومیں بھارتی حکام کے دعویٰ کوجھوٹ کا پلندہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا صرف دعویٰ کیا تھا۔ پاکستان نے بھارتی دعوے پرامریکا کو ایف 16 طیارے گننے کی پیشکش کی تھی، امریکی حکام نے پاکستان کے ایف 16 طیارے گنے اورتمام طیارے موجود ہیں۔

میگزین کے مطابق امریکا نے تمام ایف 16 طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی ایف 16 طیارہ غائب نہیں، پاکستانی ایف 16 طیارے کے متعلق بھارتی دعویٰ مشکوک ہے۔ بھارتی مگ 21 کا ایف 16 کو گرادینا ناقابل یقین ہے جب کہ امریکی اہلکار کے مطابق ایف 16 طیارے کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کی کوئی شرط نہیں۔