بہاولپور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے۔

5 Years ago

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور کی کور فارمیشنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے موسم سرماکی اجتماعی ٹریننگ کا جائزہ لیا،آرمی چیف نے فورٹ عباس میں انفینٹری فارمیشن کابھی دورہ کیا، کمانڈر بہاولپور کور انسپکٹر جنرل ٹریننگ بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

آرمی چیف نے پاک فوج کی تربیت کے اعلیٰ معیار اورآپریشنل تیاریوں پر اطمینان کااظہار کیا اور وہاں موجود افسران اور جوانوں سے گفتگو کی، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان ملک کے اندر اور باہر بابائےقوم کے ویژن کےمطابق امن کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے، پاک فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تجربے کے باعث لڑائی کیلئے سخت جان فورس بن چکی۔