تیزرفتار انٹرنیٹ کےلیے ایمیزون کمپنی 3000 سیٹلائٹس چھوڑے گی

سان فرانسسكو: ای کامرس کی ممتاز کمپنی ایمیزون نے ایک عرصے کی افواہوں کے بعد خلا میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کے لیے ہزاروں مصنوعی سیارچے بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

جمعرات کو ایمیزون کمپنی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس ضمن میں 3000 سے زائد سیٹلائٹ زمین کے نچلے مدار میں روانہ کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کو ’پروجیکٹ کائپر‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں برق رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد دنیا کے محروم اور پسماندہ علاقوں تک انٹرنیٹ کی سہولیات پہنچانا ہے اور ایمیزون کے مطابق سیٹلائٹ اس کا بہترین حل پیش کرسکتےہیں۔ واضح رہے کہ ایمیزون نے اقوامِ متحدہ کےتحت انٹرنیشنل ٹیلی کمیونکیشن یونین میں پروجیکٹ کائپر کی تفصیلات بھی جمع کراچکی ہیں۔ تاہم ایمیزون کو اس ضمن میں ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکس اور ایئربس کی قائم کردہ ون ویب کمپنی کی جانب سے شدید مسابقت کا سامنا ہے اور مزید ہوگا۔ دو ماہ قبل ون ویب اپنے چھ سیٹلائٹ پہلے ہی خلا میں بھیج چکی ہے۔
اس کے علاوہ لیوسیٹ اور کینیڈا کی ٹیلی سیٹ نے بھی اسی طرح کے منصوبے کے لیے اپنی انقلابی اختراعات پیش کی ہیں اور انہوں نے روایتی سیٹلائٹ کی بجائے چھوٹے چھوٹے ہزاروں سیٹلائٹ کا منصوبہ بنایا ہے جو لیزر اور کمپیوٹر چپ ٹیکنالوجی کے تحت ایسا ہی کام انجام دیں گے۔