پاک بحریہ کے زیراہتما م ہنگور ڈے کا انعقاد،سینئر افسروں کی شرکت

5 Years ago

پاک بحریہ میں9 دسمبر بطور ہنگور ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دن 71 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز ہنگورکی بے مثال بہادری اور غیر متزلزل عزم کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

پاک بحریہ کے زیراہتما م ہنگور ڈے کا انعقاد،سینئر افسروں کی شرکت
پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو 9 دسمبر کے دن سمندر برد کر دیا تھا جس کی یاد میں 47 وان ہنگور ڈے منانے کے لیے پاک بحریہ کے سب میرین اسکواڈرن نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈ(Diu Head) کے جنوب مشرق میں 30 میل دور وقوع پذیر ہوا تھا۔ یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا ہو۔

پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے 4 ستارہ جرات، 6 تمغہ جرات اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تعداد کے لحاظ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیئے جانے والے بہادری کے تمغوں میں سب سے زیادہ ہیں۔

ہنگور ڈے کی تقریب پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ، پاکستان نیوی سب میرین ہنگور کے عقب میں منعقد کی گئی۔ وائس ایڈمرل( ریٹائرڈ) عبیداللہ خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا ۔

اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے زور دیا کہ 71 کی جنگ میں آبدورز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی۔ اس کاجرات مندانہ عمل نہ صرف ایک شاندار جنگی حربہ تھا جس نے بھارتی نیوی کے فریگیٹ جہاز کو سمندر برد کر دیا بلکہ یہ پاک بحریہ کی اسٹریٹیجک حکمت عملی کا ایک ایسا آغاز تھا جس نے 71 کی جنگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر محدود کر دیا۔ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے سے بھارتی بحریہ کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جس میں ان کے 18 افسر اور 176 سیلر ہلاک ہوئے۔

انھوں نے پاک بحریہ کے آبدوز غازی کے جئراتمندانہ اقدام کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو وشاکاپٹنہ کے ساحل سے دور پیش آیا تھا۔جب آبدوز غازی کے خوف سے بھارتی بحریہ کے ائیر کرافٹ کیریر آئی این ایس وکرانت کو مزید مشرق کی جانب اینڈمن جزیروں کی طرف فرار ہونا پڑا تھا۔

تقریب کے اختتام پرمہمانوں کو پاک بحریہ کی سابقہ آبدوز ہنگور کا دورہ کروایا گیا جو اس وقت میری ٹائم میوزیم کراچی میں نصب ہے، تاکہ ان سنہری یادوں کو تازہ کیا جا سکے۔ تقریب میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے غازیوں سمیت بڑی تعداد میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ نیول افسران نے شرکت کی۔