ترنول : جموں کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہائشیوں کا جینا محال ہو گیا،سیکورٹی کے ناقص انتظامات ، چوریاں

ترنول(محمد اسحاق عباسی سے)جموں کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہائشیوں کا جینا محال ہو گیا۔چوری ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئیں۔سوسائٹی میں سیکیورٹی کا کوئی انتظام نہیں۔سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق ترنول جی ٹی روڈ پر واقع کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر جی پندرہ کے رہائشیوں کا جینا محال ہو چکا ہے۔سوسائٹی میں آئے روز چوری ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں ۔پولیس اور سوسائٹی انتظامیہ رہائشیوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔سوسائٹی میں مین سڑکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سالوں سے کوئی مرمت کا کام نہیں کیا گیا۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہو ئے ہیں صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہرطرف بدبو اور تعفن سے بیماریاں پھیلنے لگیں۔سوسائٹی انتظامیہ اقتدار کی جنگ میں لگی ہو ئی ہے ۔کئی بار الیکشن ہو ئے مگر اختیارات کی جنگ میں باربار باڈی توڑ دی جاتی ہے۔ جسکا خمیازہ مکینوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے تعینات کئے جانے والے ایڈمنسٹر یٹرز بھی کوئی بہتری نہ لا سکے۔ رہائشیوں فدا دیشانی ،محمداظہر،عاطف خان،محمد طاہر اور دیگرنے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں سیکیورٹی فراہم کی جائے اور مکمل سہولیات دی جائیں