ترنول :چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ،

ترنول (نمائندہ نوائے ٹیکسلا)تھانہ ترنول جرائم کی آماجگاہ بن گیاگزشتہ ایک ماہ میں چوری، ڈکیتی اور راہ زنی کی وارداتوں میں چار افراد زخمی،شہری لاکھوں روپے نقدی اورقیمتی موبائل سے محروم ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ترنول کے علاقے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔شام ڈھلتے ہی جرائم پیشہ افراد علاقہ میں پھیل جاتے ہیں گھروں ،دکانوں اور راہ چلتے مسافروں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹ لیتے ہیں مزاحمت پر چار افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔ڈاکو اسلحہ سے لیس ہو کر موٹر سائیکل پر وارداتیں کرتے ہیں ۔ علاقے میں خوف کی فضا قائم ہے ۔لوگ ڈر کے مارے گھروں سے نہیں نکلتے۔ گزشتہ دنوں ڈہوک عباسی کے تاجروں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر پولیس کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔ تاجر برادری بھی غیر محفوظ ہو چکی ہے ۔ سنگ جانی ،اتفاق کالونی ،ڈہوک عباسی اور گردونواح کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس فوری طور پر ایکشن لیں اور ترنول میں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر کنٹرول کیا جائے۔