’گھر میں کام نہ ہونے پر‘ جعلی کال ملانے والی خاتون گرفتار

لاہور میں پولیس کے ڈولفن اسکواڈ نے وزیراعظم عمران خان کے طیارے میں ’بم‘ نصب سے متعلق جعلی کال کرنے پر ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں تحقیقات کے دوران جب یہ بات سامنے آئی کہ یہ حرکت انہوں نے ’صرف مذاق‘ کے طور پر کی تھی تو پولیس نے ملزمہ کے خلاف مجرمانہ مقدمہ بھی درج کرلیا۔

واقعے سے متعلق ایک پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ پولیس ہیلپ لائن 15 پر ایک کال موصول ہوئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کے طیارے میں بم نصب ہے جس کے بعد فوری طور پر ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی کال کرنے والوں کی ذاتی معلومات تک پولیس کو رسائی حاصل

اس سلسلے میں جب کال کرنے والے کی لوکیشن کو ٹریس کیا گیا تو پولیس کو معلوم ہوا کہ مذکورہ کال ارم حمید نامی خاتون نے کی تھی، جو لاہور کے علاقے سوڈیوال کی رہائشی ہیں۔
اس سلسلے میں جب خاتون سے تفتیش کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس گھر میں کوئی کام نہیں تھا چناچہ ازراہِ مذاق انہوں نے جعلی اطلاع کے حوالے سے کال کی۔

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اس کے نتائج کا علم نہیں تھا اور انہوں نے صرف مذاق کے طور پر یہ حرکت کی تھی۔

خیال رہے کہ خاتون کے خلاف مقدمہ نواں کوٹ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

یہ خبر 18 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔