پاک سعودی تجارتی تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ، سعودی وزیرتجارت

آزادتجارتی معاہدے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، عبدالرزاق
ویب ڈیسکویب ڈیسک 18 فروری 2019
اسلام آباد :سعودی وزیرتجارت ماجد القصبی کا کہنا ہے کہ پاکستان کادورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستان سے تعلقات ایک نئی جہت کو پہنچ رہے ہیں جبکہ عبدالرزاق داؤد نے کہاپاکستان میں سعودی سرمایہ کاری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاک سعودی بزنس کانفرنس میں وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ معزز سعودی مہمانوں کوخوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اورسعودی عرب کے نئے تعلقات کے دور کا آغاز ہورہا ہے، سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اہم ہے۔


سعودی عرب پاکستان کے ترقی کے سفر میں شریک ہے

وزیرتجارت
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات آزمائش میں پورے اترے ہیں، سرمایہ کاری پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

وزیر تجارت نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہاہے، جی سی سی کےآزادتجارتی معاہدے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات مزید مضبوط ہوگئے ہیں اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، سرمایہ کاری پیٹرولیم، توانائی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں آرہی ہے اور پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کرےگا۔

پاکستان کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، سعودی وزیرتجارت
سعودی وزیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری ماجد القصبی نے پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں کہا پاکستان کادورہ میرےلیےاعزازکی بات ہے، پاکستان سےتعلقات ایک نئی جہت کو پہنچ رہے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان مل کر درپیش چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں۔

سعودی وزیر برائے تجارت کاکہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعے موجود ہیں، صرف ان کی تشہیر کرنا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب میں برادرانہ تعلقات ہیں مگر تجارت کا حجم کچھ خاص نہیں ہے، تجارت کے حجم کو بڑھانا ہے جو باہمی مذاکرات سے ممکن ہے۔

ماجد القصبی نے کہا کہ دورے میں پاکستان سےمختلف مسائل اورچیلنجزپربات ہوئی ، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کےوسیع امکانات ہیں، سعودی عرب اورپاکستان کے تذویراتی تعلقات خطے کے لیے اہم ہیں۔

یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان اورولی عہدکی ون آن ون ملاقات میں باہمی تعلقات کونئی بلندیوں پرلےجانےکاعزم کیاگیا اور دونوں ملکوں کےدرمیان سات تاریخی معاہدوں پر دستخط کیےگئے تھے۔